بلاول بھٹو جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، عملی کارکردگی صفر ہے،طلال چوہدری

سخت تنقید، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں تاخیری حربے، عدالت میں حیلے بہانے کیے جا رہے ہیں

November 18, 2026 · قومی
بلاول بھٹو جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، عملی کارکردگی صفر ہے،طلال چوہدری

بلاول بھٹو جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، عملی کارکردگی صفر ہے،طلال چوہدری

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن ہے، جس میں ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان ملوث ہیں، اور عدالت میں سماعت ملتوی کرانے کے لیے مسلسل بہانے تراشے جا رہے ہیں۔ کبھی ملاقات نہ ہونے اور کبھی وقت کم ملنے کا عذر پیش کیا جاتا ہے، جو چوری چھپانے کے حیلے بہانوں کے مترادف ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو کی باتیں ایسے محسوس ہوتی ہیں جیسے وہ اپوزیشن میں ہوں، جبکہ حقیقت میں 3 صوبوں اور گلگت بلتستان میں ان کی جماعت کی حکومت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے، اور ملک کے قریباً 70 فیصد حصے پر ان کی حکمرانی ہے، اس کے باوجود خود کو حکومت سے الگ ظاہر کرنا انتہائی عجیب ہے۔ سندھ میں 17 سالہ اقتدار کے بعد بھی انہیں عوامی مسائل کا جواب دینا ہوگا۔

وزیر مملکت نے آئینی عدالت کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کریڈٹ پیپلز پارٹی خود لیتی ہے اور اسے قائداعظم کا خواب قرار دیتی ہے، لیکن جمہوریت صرف تقریروں کا نام نہیں بلکہ عملی نفاذ چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نظریاتی طور پر جمہوریت کے ہیرو بننے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن عملاً کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شرم و حیا کا درس دینے سے پہلے بلاول اپنے گورنر کو سمجھائیں۔