ایم ڈی کیٹ امتحان سال میں 2 بار لینے، مارکس کی اہمیت کم کرنے کی تیاری

نشستوں اور داخلہ پالیسی میں تبدیلی کی تجویز بھی آگئی- بی ڈی ایس کا دورانیہ 4 سال برقرار

September 15, 2026 · ہیلتھ
ایم ڈی کیٹ امتحان سال میں 2 بار لینے، مارکس کی اہمیت کم کرنے کی تیاری

ایم ڈی کیٹ امتحان سال میں 2 بار لینے، مارکس کی اہمیت کم کرنے کی تیاری

ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم کے داخلہ نظام اور پالیسیوں میں بڑی تبدیلیوں کی بازگشت شروع ہو گئی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی ذیلی کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) اور میڈیکل کالجوں میں داخلے کے نظام میں جامع اصلاحات کی سفارش کرتے ہوئے امتحان سال میں دو مرتبہ کرانے اور داخلوں میں اس کی 50 فیصد ویٹیج کو کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، سینیٹر انوشہ رحمان، سینیٹر ثمینہ زہری اور سینیٹر جہانزیب پر مشتمل ذیلی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے کسی بھی طالب علم کے مستقبل کا فیصلہ صرف ایک امتحان کی بنیاد پر کرنے کا انحصار کم کیا جائے تاکہ امتحان میں ناکامی کی صورت میں طالب علم کا پورا سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔ رپورٹ میں ایم ڈی کیٹ میں نیگیٹو مارکنگ متعارف کرانے، نتائج کو تین سال تک قابل استعمال رکھنے، امتحان کی تاریخ کافی پہلے جاری کرنے اور غیر معمولی حالات کے سوا اسے تبدیل نہ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ کمیٹی نے مبہم یا متنازع سوالات کے ازالے کے لیے باقاعدہ شکایتی اور ریویو نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

دستاویزات اور کمیٹی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2024 میں تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار 520 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ میں حصہ لیا، جن میں سے تقریباً 16 ہزار 648 امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کی مجموعی نشستیں تقریباً 22 ہزار 300 تھیں۔ ذیلی کمیٹی نے اہل امیدواروں کی تعداد نشستوں سے کم ہونے کی صورت حال کو داخلہ پالیسی کا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے میڈیکل کالجوں کی نشستوں میں اضافے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ بنانے اور سرکاری کالجوں میں مرحلہ وار نشستیں بڑھانے کی سفارش کی ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں 40 ہزار سے زائد اہل پاکستانی ڈاکٹرز ملازمت کی غرض سے بیرون ملک منتقل ہوئے ہیں، جس کی روشنی میں طبی افرادی قوت بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے بی ڈی ایس (BDS) پروگرام کے دورانیے سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسے 5 سال تک بڑھانے کا اپنا سابقہ فیصلہ واپس لے لیا ہے اور بیچلر آف ڈینٹل سرجری کا پروگرام بدستور 4 سالہ ہی رہے گا۔ پی ایم ڈی سی حکام نے سینیٹ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ نجی ڈینٹل کالجوں کی جانب سے اضافی سال کے لیے ناکافی بنیادی ڈھانچے اور انتظامی ضروریات کے تحفظات کے پیش نظر دورانیے میں توسیع کا گزشتہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے، اور کمیٹی نے کونسل کو 4 سالہ بی ڈی ایس پروگرام کی توثیق کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔