بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان شہریوں کی میڈیکل و ڈینٹل تعلیم سے متعلق آئینی درخواستیں خارج کر دیں

غیر ملکی شہریوں کا پاکستان میں قیام یا تعلیم جاری رکھنے کا کوئی مستقل حق نہیں: عدالت

September 15, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان شہریوں کے پاکستان میں میڈیکل، ڈینٹل تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواستوں کو خارج کر دیا ہے۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے افغان طلبہ کی دو درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ریاستی پالیسی کو برقرار رکھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ غیر ملکی شہری پاکستان میں قیام، تعلیم یا تربیت کا ایسا مستقل حق نہیں رکھتے جو ریاستی پالیسی کے خلاف ہو۔

عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے افغان شہریوں کی میڈیکل اداروں میں داخلے، منتقلی اور سہولت کاری سے متعلق جاری ہدایات میں مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’امیگریشن، غیر ملکی شہریوں کی واپسی اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات بنیادی طور پر انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں ہیں۔‘

عدالت نے واضح کیا کہ ’افغان شہریوں کے ساتھ انسانی وقار، انصاف اور قانون کے مطابق سلوک لازم ہے، تاہم اس بنیاد پر پاکستان میں قیام یا تعلیم جاری رکھنے کا مستقل حق پیدا نہیں ہوتا۔‘

عدالت نے درخواست کو ابتدائی مرحلے پر خارج کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے افغانستان کے سفارتخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔