ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے لڑکا اور لڑکی ٹرین سے کچل کر ہلاک
مین ہٹن اسپرنگ اسٹریٹ اسٹیشن پر حادثہ، بھارت اور نیپال سے تعلق تھا، ہولناک ویڈیو سامنے آگئی
ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے لڑکا اور لڑکی ٹرین سے کچل کر ہلاک
امریکی شہر نیویارک کے مین ہٹن میں پیش آنے والے ایک دلخراش حادثے کے دوران سب وے ٹرین کی زد میں آکر 24 سالہ بھارتی نژاد لڑکی اور اس کا نیپالی نژاد امریکی دوست ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح مین ہٹن کے اسپرنگ اسٹریٹ سب وے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں ڈاؤن ٹاؤن جانے والی نمبر 4 ٹرین نے دونوں کو روند ڈالا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والے جوڑے کی شناخت ملائیکا چترا اور نوام کول کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمریں 24 سال تھیں اور وہ نیو جرسی کے رہائشی تھے۔ دونوں نے ماضی میں رٹگرز یونیورسٹی میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی۔
واقعے کی منظر عام پر آنے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملائیکا کو ہنستے ہوئے نوام کو اپنی جانب کھینچتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے چند لمحوں بعد تیز رفتار ٹرین دونوں کو کچلتے ہوئے گزر گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پٹڑی پر سب سے پہلے کون گرا۔ تاہم ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر نوام پہلے پٹری پر گرے یا خود وہاں گئے، جنہیں بچانے کے لیے ملائیکا نیچے اتر گئیں۔ پولیس کو اس حادثے کی اطلاع صبح 3 بج کر 14 منٹ پر موصول ہوئی، جبکہ ٹرین بروقت رکنے میں ناکام رہی۔ حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے جنہیں بعد میں بحفاظت پلیٹ فارم پر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور امدادی ٹیموں نے دونوں کی لاشیں ٹرین کی تیسری اور چوتھی بوگی کے نیچے سے برآمد کیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب، رٹگرز یونیورسٹی کی عہدیدار ڈوری ڈیولن نے دونوں سابق طلبہ کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ملائیکا نے مئی 2024 میں یونیورسٹی سے سائنس میں بیچلر ڈگری مکمل کی تھی اور ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں آپریشنز اسپیشلسٹ کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں، جبکہ نوام کول بطور مالیاتی ڈیٹا اینالسٹ کام کر رہے تھے۔