جماعت اسلامی کی بلوچستان حکومت میں شمولیت، مولانا ہدایت الرحمان آج وزیر حلف اٹھائیں گے
اہم سیاسی پیش رفت، تقریبِ حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوگی، محکمہ فشریز کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔
جماعت اسلامی کی بلوچستان حکومت میں شمولیت، مولانا ہدایت الرحمان آج وزیر حلف اٹھائیں گے
بلوچستان کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے تحت جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت میں شامل ہونے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلے کے نتیجے میں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان آج صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کی حلف برداری کی تقریب آج شام ساڑھے 4 بجے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوگی، جہاں گورنر بلوچستان انہیں صوبائی وزارت کا حلف دلائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمان کو صوبائی کابینہ میں محکمہ فشریز کا قلمدان سونپے جانے کا قوی امکان ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن حلف برداری کے بعد جاری کیا جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق جماعت اسلامی کی صوبائی حکومت میں شمولیت سے خطے کی سیاسی صورتحال میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ مولانا ہدایت الرحمان طویل عرصے سے ساحلی علاقوں کے ماہی گیروں اور عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں، اور ان کی حکومتی صفوں میں شمولیت سے عوامی مسائل کو حکومتی ایوانوں میں مؤثر انداز میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔