امریکہ میں بس حادثے کی لائیو کوریج کرنے والا نیوز ہیلی کاپٹر گر خود تباہ، 3 ہلاک
ہیلی کاپٹر این بی سی لاس اینجلس کی ملکیت تھا، عملے کے دو افراد کے علاوہ زمین پر موجود شخص مارا گیا
لاس اینجلس میں بس حادثے کے مقام کا فضائی منظر جو دکھانے والا ہیلی کاپٹر خود تباہ ہوگیا
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں بس حادثے کی لائیو کوریج کرنے والا ایک ٹی وی نیوز ہیلی کاپٹر خود حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ۔ یہ واقعہ 15 ستمبر 2026 کو لاس اینجلس کے علاقے چیٹس ورتھ میں پیش آیا۔ تباہ ہونے والا یہ ہیلی کاپٹر معروف امریکی ٹی وی چینل این بی سی لاس اینجلس کی ملکیت تھا۔
ابتدائی اطلاعات اور دستیاب دستاویزات کے مطابق، یہ ہیلی کاپٹر اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ زمین پر ہونے والے ایک میٹرو بس اور ایس یو وی گاڑی کے مہلک تصادم کی براہ راست نشریات دکھا رہا تھا۔ لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق، حادثے میں 3 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان میں سے ایک شخص زمین پر موجود تھا جو ہیلی کاپٹر کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گیا، جبکہ دیگر 2 ہلاکتیں ہیلی کاپٹر کے اندر موجود عملے کی ہیں۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ملبے سے ایک شخص کو زندہ نکال کر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حادثے سے چند منٹ قبل تک فوٹو جرنلسٹ الیانا مورینو اسی ہیلی کاپٹر سے لائیو رپورٹنگ فرائض سر انجام دے رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر نوردھوف اسٹریٹ اور ڈی سوٹو ایونیو کے قریب ایک پارکنگ لاٹ میں کھڑی گاڑیوں اور شپنگ کنٹینرز پر گرا، جس کے بعد وہاں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے اس دلخراش واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کے حقیقی محرکات کا تعین کیا جا سکے۔