خیبرپختونخوا میں تمام تدریسی ہسپتالوں کے ماہرین اور افسران کی تربیتی ورکشاپ
صحت سے متعلق پالیسیوں کا مؤثر نفاذ محفوظ اور معیاری مریض نگہداشت کے لیے ناگزیر ہے، ماسٹر ٹرینر
باچاخان میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی صوابی میں پالیسی سے عمل تک اور صحت کی دیکھ بھال کے معیار اور تحفظ کو مظبوط بنانے پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں صوبے کے تمام تدریسی ہسپتالوں سے 70 سے زائد طبی ماہرین، افسران اور نمائندوں نے شرکت کی.
باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان کے مطابق ورکشاپ میں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، مردان میڈیکل کمپلیکس، لیڈی ریڈنگ ہسپتال، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس، ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد صحت سے متعلق پالیسیوں کے عملی نفاذ، مریضوں کے تحفظ، طبی نظم و نسق، قواعد و ضوابط کی پابندی اور علاج کے معیار میں بہتری کے نظام کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
ورکشاپ کی ماسٹر ٹرینرڈائریکٹر کلینیکل گورننس اینڈ کوالٹی، نووا کیئر ہسپتال اور رکن بورڈ آف گورنرز باچا خان میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر کومل فضاتھیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی پالیسیوں کو روزمرہ طبی اور انتظامی امور میں مؤثر انداز سے نافذ کرنے، قواعد پر عمل درآمد بہتر بنانے اور مریضوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط کرنے کے عملی طریقوں پر روشنی ڈالی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین و چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر شمس الرحمان نے طبی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور معیار میں بہتری کے لیے ادارے کےاقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کے تحفظ، طبی نگہداشت، پالیسیوں کے نفاذ اور علاج کے معیار میں بہتری کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر قائم مقام میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سیما گل نے شعبہ معیار کی کاوشوں کو سراہا اور ڈاکٹر کومل فضا کی پیشہ ورانہ معاونت اور ادارے میں مریضوں کے تحفظ اور بہتر طبی معیار کے فروغ میں دلچسپی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اختتام پر ڈاکٹر کومل فضا کوتعریفی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ تمام شرکاء میں تربیتی اسناد تقسیم کی گئیں۔