جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس رحلت کرگئے
تنظیمی قیادت کا اظہار افسوس۔ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش
جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے۔گزشتہ چند ہفتوں سے صاحبِ فراش تھے۔وہ ایک ممتاز عالمی دین، شعلہ بیان مقرر اور مصنف تھے۔
حافظ ادریس کے انتقال پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی حافظ محمد ادریس کی رحلت پر غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور پس ماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
حافظ محمد ادریس کا شمار جماعت اسلامی پاکستان کی ان قدآور اور جید شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، دعوتی و سیاسی جدوجہد اور نظریاتی بیداری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
وہ ایک طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے اہم عہدے پر فائز رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور پنجاب کے امیر سمیت مختلف کلیدی انتظامی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ انہوں نے قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ کے موضوعات پر متعدد کتب تحریر کیں اور دینی و فکری خطبات کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت کی۔
حافظ ادریس اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی ارکان میں شامل رہے ۔