امریکا میں کیبل کٹنے سے بڑا فضائی بحران

کیبل میں خرابی کے باعث فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ریڈیو فریکوئنسیز بھی متاثر ہوئیں۔ یہ مرکز خطے کے متعدد بڑے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی آمد و روانگی کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

September 22, 2026 · بام دنیا
امریکا میں کیبل کٹنے سے بڑا فضائی بحران

امریکا میں کیبل کٹنے سے بڑا فضائی بحران

واشنگٹن: امریکی ریاست نیو جرسی میں تعمیراتی کام کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول کی اہم فائبر آپٹک کیبل متاثر ہونے سے ملک کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوگیا۔

حکام کے مطابق نیو جرسی میں ریل آپریٹر ایمٹریک کے تعمیراتی کام کے دوران کھدائی کرتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے منسلک ایک اہم کیبل کٹ گئی، جس کے نتیجے میں نیوآرک اور آس پاس کے فضائی نیٹ ورک میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا۔

کیبل میں خرابی کے باعث فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ریڈیو فریکوئنسیز بھی متاثر ہوئیں۔ یہ مرکز خطے کے متعدد بڑے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی آمد و روانگی کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر نیوآرک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانی عارضی طور پر محدود کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ متعدد پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑنا پڑا۔

بحران کے باعث نیویارک، فلاڈیلفیا، واشنگٹن، بوسٹن، سان ڈیاگو، ویسٹ پام بیچ اور ڈیلس سمیت کئی اہم ہوائی اڈوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔

حکام کے مطابق یہ تکنیکی خرابی ایسے وقت میں سامنے آئی جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی بڑی تعداد نیویارک پہنچ رہی ہے، جس کے باعث فضائی نظام پر دباؤ مزید بڑھ گیا۔

متاثر ہونے والی پروازوں کی تعداد مختلف ہوائی اڈوں پر الگ الگ رہی، جن میں ڈیلس، بوسٹن، نیوآرک، نیویارک اور فلاڈیلفیا کے ہوائی اڈے نمایاں طور پر متاثر ہوئے۔