خیبرپختونخوا میں آئی جی تعیناتی کا طریقہ کار تبدیل،پولیس ایکٹ کی منظوری

وزیراعلیٰ کو گریڈ 18 اور اس سے اوپر افسران کی تعیناتیوں میں براہ راست اختیار ملےگا

September 23, 2026 · قومی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کی تعیناتی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور صوبائی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026 میں نئی تجاویز شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کا 59واں اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ سے متعلق ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کابینہ کو پیش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی کی رپورٹ خیبرپختونخوا پولیس حکام کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔

وزیراطلاعات کے مطابق ذیلی کمیٹی کی مرتب کردہ رپورٹ کی روشنی میں خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026 مزید تجاویز کے ساتھ کابینہ سے منظور کرلیا گیا ہے۔

مجوزہ تجاویز کے تحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے پولیس افسران کی تعیناتیوں میں براہ راست اختیار حاصل ہوگا۔