وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
اہم سفارتی دورہ، دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ امور پر گفتگو، کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی ملاقات کا منظر
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے اہم ملاقات کی ہے جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں انجام پائی ہے جب پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران بھی پاکستان کے ثالثی کردار اور خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے الگ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل باہمی روابط کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ دونوں فریقین نے مستقبل میں بھی قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔