مری اسکول وین حادثہ، ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی
حادثے کے وقت وین میں ڈرائیور سمیت 11 افراد موجود تھے، جبکہ گاڑی میں صرف 8 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی
مری اسکول وین حادثہ، ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی
مری کے انگوری روڈ پر اسکول وین میں آگ لگنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں گاڑی کی گنجائش سے زائد افراد کے سوار ہونے سمیت دیگر اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت وین میں ڈرائیور سمیت 11 افراد موجود تھے، جبکہ گاڑی میں صرف 8 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ وین میں سوار تمام افراد آگ لگنے کے باعث زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وین میں آگ مبینہ طور پر بیٹری میں اسپارکنگ کے باعث لگی۔ حادثے کے وقت گاڑی میں آگ بجھانے کا آلہ بھی موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں:۔ مری اسکول وین حادثہ، جھلسنے والے بچوں کو ہولی فیملی منتقل کردیا گیا
واقعہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب اسکول وین بچوں کو لے کر جارہی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ بعض زخمی بچوں کو مزید علاج کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:۔مری،سکول وین سڑک سے نیچے گر گئی، ڈرائیور سمیت10 بچے جھلس گئے