غزہ سٹی میں اسرائیلی حملہ،حماس کمانڈر شہید

عزالدین البیک نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران حماس کی قسام بریگیڈز کے شمالی یونٹ کی کمان سنبھالی تھی

September 29, 2026 · بام دنیا
غزہ سٹی میں اسرائیلی حملہ،حماس کمانڈر شہید

غزہ سٹی میں اسرائیلی حملہ،حماس کمانڈر شہید

غزہ: غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں حماس کے مسلح ونگ کے شمالی یونٹ کے کمانڈر عزالدین البیک شہید ہوگئے۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی عزالدین البیک کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق عزالدین البیک نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران حماس کی قسام بریگیڈز کے شمالی یونٹ کی کمان سنبھالی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری احمد الغندور کے بعد سنبھالنے والے کمانڈروں میں شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ سٹی کے ایک اپارٹمنٹ کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس میں عزالدین البیک موجود تھے۔ حملے کے بعد اسرائیلی حکام نے ان کی ہلاکت کا اعلان کیا جبکہ فلسطینی ذرائع نے بھی واقعے کی تصدیق کی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے مکمل طور پر رکنے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس کی عسکری صلاحیتوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جارہی ہیں۔

حماس کی جانب سے عزالدین البیک کی شہادت پر تاحال تفصیلی باضابطہ بیان سامنے آنے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم فلسطینی ذرائع نے انہیں شمالی غزہ میں قسام بریگیڈز کا اہم کمانڈر قرار دیا ہے۔