امریکی جنگی جہاز 500 کلومیٹر پیچھے چلے گئے،ایرانی پاسداران انقلاب کا دعویٰ
موجودہ جنگی صورتحال سے قبل خلیج فارس میں 30 سے 40 امریکی جنگی جہاز موجود تھے، تاہم اب ان میں سے کوئی بھی جہاز خلیج فارس میں موجود نہیں ہے۔
امریکی جنگی جہاز 500 کلومیٹر پیچھے چلے گئے،ایرانی پاسداران انقلاب کا دعویٰ
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی جنگی جہاز آبنائے ہرمز کے داخلی علاقے اور خلیج فارس سے تقریباً 500 کلومیٹر پیچھے ہٹ گئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے مطابق ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان موجودہ جنگی صورتحال سے قبل خلیج فارس میں 30 سے 40 امریکی جنگی جہاز موجود تھے، تاہم اب ان میں سے کوئی بھی جہاز خلیج فارس میں موجود نہیں ہے۔
حسین محبی نے مزید دعویٰ کیا کہ خلیج فارس میں سرگرم امریکی پانچویں بحری بیڑے سے وابستہ چھوٹی کشتیاں بھی اس وقت خلیج فارس میں موجود نہیں ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں موجودہ صورتحال کو اپنے حق میں پیش کرنے کی کوشش ہیں۔ ان کے بقول امریکا اپنی مبینہ بحری پسپائی کو فتح کے طور پر ظاہر کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی بحری موجودگی میں مبینہ کمی خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔