ٹام کروز کی خاتون کو پریشان سمجھ کر دل جوئی نے مداحوں کے دل جیت لیے
خوش اخلاقی کا مظاہرہ، خیریت دریافت کرنے پہنچ گئے، مداح دنگ رہ گئیں۔
ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی دفتر میں خاتون کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو کا منظر۔
ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار ٹام کروز کی ایک دلچسپ اور خوش اخلاقی پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں ایک خاتون کو پریشان سمجھ کر اس کی خیریت دریافت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وائرل ہونے والی اس فوٹیج نے دنیا بھر کے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب 64 سالہ اداکار ٹام کروز کسی دفتر کی راہداری سے گزر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے ایک کمرے میں ایک خاتون کو سر جھکائے اکیلے بیٹھے دیکھا۔ اداکار کو لگا کہ خاتون شدید ذہنی دباؤ یا کسی پریشانی کا شکار ہے، جس پر وہ فوراً رکے اور کمرے میں داخل ہو گئے۔
ویڈیو فوٹیج میں ٹام کروز نے آگے بڑھ کر خاتون کے کندھے کو تھپھپایا اور نرمی سے پوچھا کہ کیا وہ ٹھیک ہیں۔ اس اچانک اور غیر متوقع عمل پر خاتون دنگ رہ گئیں۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ خاتون کلیمنٹینا دراصل کسی اداسی یا پریشانی میں مبتلا نہیں تھیں، بلکہ وہ اسمارٹ فون پر مسلسل منفی اور پریشان کن مواد دیکھنے یعنی ڈوم اسکرولنگ میں مصروف تھیں۔
جب خاتون کو احساس ہوا کہ ان کے بالکل پیچھے ہالی ووڈ کا لیجنڈ اداکار کھڑا ہے، تو وہ حیرت کے مارے کوئی ردعمل ظاہر کرنے سے قاصر رہیں۔ اطلاعات کے مطابق اداکار وہاں سے جانے کے بعد دوبارہ واپس آئے اور خوشگوار موڈ میں خاتون کے ساتھ یادگاری تصویر بھی بنوائی۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹام کروز کے اس عاجزانہ اور مہربان رویے کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔