گوگل نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اب تک کا طاقتور ترین ماڈل متعارف کرا دیا

اہم پیش رفت، جیمنائی 4 آرگون پیش، سائبر سیکیورٹی کے لیے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

October 2, 2026 · اہم خبریں
گوگل کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے طاقتور اے آئی ماڈل جیمنائی 4 آرگون کا لوگو۔

گوگل کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے طاقتور اے آئی ماڈل جیمنائی 4 آرگون کا لوگو۔

گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنا نیا اور اب تک کا سب سے طاقتور اے آئی ماڈل ’’جیمنائی 4 آرگون‘‘ باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق یہ نیا ماڈل کوڈنگ، سائنسی تحقیق، تحریر اور دیگر متعدد اقسام کے پیچیدہ اور طویل نوعیت کے کام انتہائی مہارت سے انجام دینے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جیمنائی 4 آرگون کی سب سے نمایاں خصوصیت سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اس کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ اس نئے ماڈل کو فی الحال عام صارفین کے لیے پیش کرنے کے بجائے محدود سائبر پارٹنرز کے لیے دستیاب کیا گیا ہے۔ بلاگ پوسٹ کے متن کے مطابق آرگون کو دفاعی سائبر ورک کے لیے خصوصی طور پر تربیت دی گئی ہے، جو خودکار انداز میں سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں فوری طور پر دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

کوڈنگ کے حوالے سے بھی اس ماڈل کو انتہائی مؤثر قرار دیا گیا ہے اور گوگل کے اپنے ملازمین ڈی بگنگ اور کوڈ بیس کی منتقلی جیسے روزمرہ کے دفتری کاموں کے لیے اسی ماڈل کا استعمال کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جدید ترین ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت کے استعمال کے مجموعی انداز میں نمایاں تبدیلی لانے کا باعث بنے گی۔ واضح رہے کہ اے آئی کی مسابقتی دوڑ میں ماضی میں گوگل کو پیچھے سمجھا جاتا تھا، تاہم جیمنائی کی اس شاندار پیش رفت نے پوزیشن تبدیل کر دی ہے اور اگست میں اس کے فعال صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کر گئی تھی۔