حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات شروع،اہم رہنما شریک

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی معاملات پر مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے، حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں جاری ہے۔

October 2, 2026 · اہم خبریں, قومی
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات شروع،اہم رہنما شریک

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات شروع،اہم رہنما شریک

مذاکرات میں پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان، علامہ ناصر عباس، اسد قیصر اور عامر ڈوگر شریک ہیں، جبکہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کی نمائندگی محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، طارق فضل چوہدری، امیر مقام، نوید قمر اور شیری رحمان سمیت دیگر رہنما کررہے ہیں۔

مذاکرات سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال سمیت حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والی بات چیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت کی جانب سے مذاکرات سے قبل مختلف رہنماؤں نے بات چیت کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کو مذاکرات سے کبھی جھجک نہیں ہوئی اور سیاسی مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدالتوں سے متعلق معاملات عدالتوں میں ہی حل ہوں گے، جبکہ سیاسی معاملات مذاکرات کی میز پر زیر بحث لائے جاسکتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت سیاسی اصولوں اور قانون کے مطابق جواب دے گی۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور وزیراعظم نے خود اپوزیشن قیادت کو بات چیت کی دعوت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں مختلف معاملات زیر بحث آئیں گے اور اگر حکومت کے پاس کسی مسئلے کا ممکنہ حل ہوا تو اسے پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور امن و استحکام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ وفد کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے بعد آج مذاکرات کا آغاز ہوا۔

اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی قیادت نے سیاسی معاملات کے حل کے لیے بات چیت کو آگے بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی، تاہم مذاکرات کے ساتھ پارٹی کے مختلف مطالبات بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔