کراچی میں دودھ کی قیمت 310 روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ

اہم پیش رفت، ڈیری فارمرز کا انتباہ، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا۔

October 4, 2026 · اہم خبریں
ڈیری فارمرز کا کراچی میں دودھ کی قیمت بڑھانے کا مطالبہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا منظر

ڈیری فارمرز کا کراچی میں دودھ کی قیمت بڑھانے کا مطالبہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا منظر

کراچی میں ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں بڑے اضافے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سرکاری نرخوں پر کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہو چکا ہے۔ ایسوسی ایشن کے رہنما شاکر عمر کے جاری کردہ بیان کے مطابق دودھ کی قیمت کا نیا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے کیونکہ مزید تاخیر اب ڈیری فارمرز کیلیے ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فارمرز کیلیے ایکس فارم ریٹ کم از کم 277 روپے فی لیٹر مقرر کیا جائے جبکہ عام صارفین کیلیے قیمت میں 70 روپے کا اضافہ کر کے اسے 310 روپے فی لیٹر کیا جائے۔

دستاویزات کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کی تیار کردہ رپورٹ میں پیداواری لاگت تقریباً 262 روپے فی لیٹر سامنے آئی ہے، جس میں بچھڑے کی مد میں منہا کیے گئے 15 روپے شامل کرنے پر حقیقی پیداواری لاگت 277 روپے فی لیٹر بنتی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب حکومت کے اپنے محکمے نے پیداواری لاگت 262 روپے تسلیم کی ہے تو فارمر 215 روپے میں دودھ کیسے فروخت کر سکتا ہے؟

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خوراک، چارہ، ونڈا، اجناس، بجلی، مزدوری، ادویات اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دودھ کی قیمت حقیقی پیداواری لاگت اور دستاویزی شواہد کی بنیاد پر مقرر کی جانی چاہیے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی فوری طور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر نیا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ ڈیری فارمرز مسلسل خسارے کے باعث اپنے جانور فروخت کرنے اور فارم بند کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب ملک میں دیگر اشیائے ضروریہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 390 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے جبکہ اوگرا نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ دریں اثنا ملک بھر میں جیٹ فیول 9 روپے 5 پیسے اور مٹی کا تیل 7 روپے 68 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔