آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی طرف سے سڑکیں بند کرنے کی کوشش ناکام
پولیس کی جوابی کارروائی، فائرنگ سے کانسٹیبل شدید زخمی، علاقہ میں سرچ آپریشن جاری
فائل فوٹو
آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کی کال کے تناظر میں مختلف مقامات پر سڑکیں اور راستے بند کرنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔ کوٹلی پولیس کے مطابق صبح بوقت 10:15 بجے کالا ڈب چڑہوئی کے مقام پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نے اپنی مرکزی قیادت کے حکم کے تحت دایا مہ پر مختلف مقامات پر روڈز کو بلاک کیا، جس کی وجہ سے عام شہریوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔
پولیسں نے کہا کہ ضلع کوٹلی روڈ کلیئر کروانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کیلئے موقع پر پہنچی تو شرپسند عناصر نے پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کرتے ہوئے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل نمبر 105 عبدالرؤف سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر DHQ ہسپتال میرپور منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق کانسٹیبل عبدالرؤف کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
دفتر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کوٹلی سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے شرپسند ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس ٹیمیں مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن پر مامور ہیں۔ پولیس ضلع کوٹلی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی شرپسند یا قانون شکن عنصر کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے، عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے یا ریاستی اداروں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست کی رٹ، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس ضلع کوٹلی عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت الرٹ اور موجود ہے۔