خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہری خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے

شدت 5 ریکارڈ کی گئی، مرکز کوہ ہندوکش تھا، کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

October 5, 2026 · اہم خبریں
خیبرپختونخوا میں زلزلے کے بعد کا ایک منظر جہاں شہری گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں زلزلے کے بعد کا ایک منظر جہاں شہری گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں اور اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن سے زمین لرز اٹھی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات، شانگلہ اور خیبر سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں زلزلے کی لہریں محسوس کی گئیں۔

زلزلہ پیما مرکز کی رپورٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 224 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔

اچانک زمین لرزنے اور شدید جھٹکے محسوس ہونے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں شہری کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کھلے آسمان تلے پناہ لی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے اس واقعے میں تاحال کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ متعلقہ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔