آزاد کشمیر کے غیور عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی انتشار انگیز کال مسترد کر دی، طلال چودھری
ایکشن کمیٹی اور پی ٹی آئی میں مماثلت ہے، ہمسایہ ممالک سے لایا گیا اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے، پریس کانفرنس
آزاد کشمیر کے غیور عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی انتشار انگیز کال مسترد کر دی، طلال چودھری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان گہرے اشتراک اور اہداف کی مماثلت پائی جاتی ہے، اور دونوں عناصر دراصل بیرونی دشمن کی پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج کی بالکل وہی تاریخ منتخب کی جو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی تھی، جس سے ان کے مذموم مقاصد واضح ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ملک سے لایا گیا مہلک اسلحہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جسے افغانستان کے راستے کشمیر تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز پر براہ راست فائرنگ کرنے والے عناصر اور ناجائز اسلحے کے ساتھ ضیا نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے مبینہ طور پر سردار امان سے رابطے کے شواہد ملے ہیں۔
سرکاری ریکارڈ اور شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مملکت نے پریس کانفرنس کے دوران مبینہ آڈیو بھی سنوائی اور واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے اس گروہ کے خلاف تمام مصدقہ شواہد اور ثبوت معزز عدالت کے سامنے رکھے جائیں گے تاکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔