ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 3دہشت گرد ہلاک

خفیہ اطلاع پر کارروائی، عزم استحکام وژن کا تسلسل، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراج تحسین۔

October 5, 2026 · اہم خبریں
ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد کا منظر۔

ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد کا منظر۔

 

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران 3 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزم استحکام وژن کے تحت فتنۃ الخوارج کے خلاف فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں۔ یہ کارروائیاں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو کمزور کرنے میں انتہائی مؤثر ثابت ہو رہی ہیں، اور سیکیورٹی فورسز صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں دہشت گردوں کے مذموم نیٹ ورکس پر کاری ضرب ہیں، اور ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست اپنے عزم پر غیر متزلزل رہے گی۔

علاوہ ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف اس عزم صمیم میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔