منشیات کے مقدمے میں انمول عرف پنکی پر فردِ جرم عائد
قانونی شکنجہ سخت، ویڈیو لنک پر پیشی، ملزمہ نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا
کراچی: منشیات مقدمے میں نامزد انمول عرف پنکی کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی
کراچی کی سیشن عدالت نے مبینہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف مقدمات میں قانونی کارروائی کو تیز کرتے ہوئے ایک منشیات کے مقدمے میں ملزمہ پر باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ سماعت کے دوران ملزمہ کو سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے کارروائی کے دوران ملزمہ سے استفسار کیا کہ آپ پر پولیس کی جانب سے منشیات رکھنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے، کیا آپ اس جرم کو تسلیم کرتی ہیں؟ جس پر ملزمہ انمول عرف پنکی نے ویڈیو لنک کے توسط سے ہی عدالت میں صحتِ جرم سے صاف انکار کر دیا۔
پولیس کے فراہم کردہ ریکارڈ اور تفصیلی دستاویز کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کی خرید و فروخت اور برآمدگی کا یہ مقدمہ شہر کے گزری تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے ملزمہ پر فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد مقدمے کے تمام گواہوں کو باضابطہ طور پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔