گذشتہ ہفتے ایک سال سے زیادہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملے ہوئے، امریکی صدر
بحرین میں موجود شہریوں کے لیے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی نئی وارننگ بھی جاری
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے صرف گذشتہ ہفتے کے دوران پچھلے ایک سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔
انھوں نےاپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ سب کو یاد ہے میں نے 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بارے میں دو پیش گوئیاں کی تھیں۔ پہلی یہ کہ اگر ڈیموکریٹس جیت گئے تو شیئر بازار گر جائیں گے، اور یہی ہوا۔ دوسری یہ کہ ایران اپنے حملے زیادہ جارحانہ کر دے گا، اور یہ بھی ہوا ہے۔
امریکی صدر نے پوسٹ میں کسی نئی رپورٹ یا اعداد و شمار کے ماخذ کا حوالہ نہیں دیا، اور مزید کہا کہ ’ایران نے گذشتہ ہفتے ایک سال سے زیادہ عرصے میں کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔ فکر نہ کریں، ان سب کو روک لیا گیا اور مار گرایا گیا، اور ان سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی صدر نے اسے امریکی شیئر بازاروں میں آنے والی گراوٹ کی طرح کانگریس کے انتخابات میں ’ڈیموکریٹس کی کامیابی‘ کا نتیجہ قرار دیا۔دریں اثنا،امریکی وزارت خارجہ نے ایک نئی وارننگ میں دوبارہ بحرین میں موجود امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط اور تیاری‘ کے ساتھ رہیں۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ،بحرین میں موجود امریکیوں کو ایران کی حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات اور خطے میں امریکی حکام اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایران کی کوششوں کے باعث زیادہ چوکنا رہنا چاہیے۔ مسافروں کو ممکنہ سکیورٹی انتباہات، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفر میں رکاوٹوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔