شنگھائی تعاون تنظیم فورم: پاکستان سے کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہوئے، بھارتی وزیر

تہذیبی مکالمہ فورم، غیر رسمی ملاقاتیں ضرور ہوئیں، اعلامیہ منظور

November 23, 2026 · اہم خبریں
شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کی تقریب کا ایک منظر

شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کی تقریب کا ایک منظر

 

نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے اختتام پر بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے واضح کیا ہے کہ اس تقریب کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر ثقافت نے بتایا کہ پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک کے ساتھ بھارتی حکام کی کوئی باضابطہ دوطرفہ ملاقات طے نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اجلاس اور سرکاری ضیافتوں کے دوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں ہوئیں اور مختلف امور پر غیر رسمی تبادلہ خیال ضرور عمل میں آیا، تاہم اسے باضابطہ پاک بھارت مذاکرات قرار نہیں دیا جاسکتا۔

دستیاب رپورٹس کے مطابق پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک نے فورم کے سائیڈ لائنز پر تاجکستان اور ایران کے حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی روابط کے فروغ اور ثقافتی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ 3 روزہ یہ تہذیبی مکالمہ فورم 22 نومبر کو اختتام پذیر ہوا، جس کے آخری روز ‘انڈراپرستھا اعلامیہ’ منظور کیا گیا۔ اس اعلامیے کے تحت تہذیبی ورثے کے تحفظ، مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ، ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور مختلف تہذیبوں کو مساوی اہمیت دینے پر زور دیا گیا ہے۔ اس فورم کا بنیادی مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تہذیبی تعاون اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا تھا۔