بریکنگ حوثی باب المندب سے پس پائی کے بعد فرار۔ یمنی فورسزنے کنٹرول واپس لےلیا

ذباب ضلع کےبڑے حصوں اور ائرپورٹ پربھی سرکاری فوج کا قبضہ

October 5, 2026 · اہم خبریں

 

 سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی افواج نے باب المندب آبنائے پر اہم پوزیشنوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ تین عسکری اور ایک حکومتی ذریعہ نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حکومتی افواج نے ذباب ضلع کے بڑے حصوں پر قبضہ کر لیا ہے جو باب المندب کے اوپر واقع ہے، اور وہ سعودی قیادت میں اتحادی فوج کی بھرپور فضائی مدد کے ساتھ اس علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کر رہے ہیں۔

اس سے قبل، حوثی نواز میڈیا نے اس علاقے میں حکومتی افواج کی پیش قدمی کے دعووں کی تردید کی تھی۔

ترک میڈیاکے مطابق آپریشن “ڈان آف یمن”کے تحت حوثیوں سے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل باب المندب علاقے کا کنٹرول چھین لیا گیاہے۔

عسکری ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ماجد عبداللہ النزیلی نے کہا کہ حکومت کے سدرن جائنٹس بریگیڈز (Southern Giants Brigades) او رنیشنز شیلڈ(Nation’s Shield) فورسز نے “کامیابی کے ساتھ باب المندب کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیانات کی ایک سیریز میں النزیلی نے کہا کہ حکومتی افواج نے ذباب ایئرپورٹ کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے اور ذباب اور موکھا (Mokha) کے درمیان سڑک کو بند کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذباب کے علاقے میں سیکڑوں حوثی جنگجوؤں کا گھیراؤ کر لیا گیا ہے اور انہوں نے ان سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بعد میں کچھ حوثی جنگجو سمندر کے راستے کشتیوں کے ذریعے فرار ہو گئے۔

یمنی حکومت نے اتوار کے روز اپنے علاقوں کو واپس لینے کے لیے فوجی مہم کا اعلان کیا تھا، جس میں صدر رشاد العلیمی نے عزم ظاہر کیا تھا کہ وہ ملک کو دہشت گرد ملیشیا کے چنگل سے آزاد کرانے تک لڑیں گے۔

سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر’’ آپریشن فجرالیمن‘‘ (Dawn of Yemen) میں 100فائٹرجیٹس نے حصہ لیا،اس دوران 324 اہم ترین اہداف کو نشانہ بنایا۔سعودی اتحاد کے مطابق آبنائے باب المندب کےلیے فضائی تحفظ فراہم کررہےہیں، یمن میں زمینی فورسزکو ائیرکور فراہم کررہےہیں۔