صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کی منظوری
اہم پیش رفت، سری لنکا کیخلاف سیریز، چند سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کا امکان۔
صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کی منظوری
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے جارح مزاج بلے باز صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی کپتان بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد ایشین گیمز میں ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز میں بھی کپتانی کی ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ممکنہ طور پر احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور وسیم جونیئر کو اسکواڈ سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے، جبکہ دوسری جانب بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کی قومی ٹیم میں دوبارہ شمولیت کی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سیریز کے لیے منتخب ہونے والے قومی اسکواڈ کے اراکین کو اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔