سندھ حکومت کا 15 اکتوبر سے سرکاری گندم جاری کرنے کا فیصلہ، وفاقی وزیر کا سپورٹ پرائس سے متعلق بیان

اہم اجلاس، گندم کے ذخائر کا جائزہ، آٹے کی قیمتوں میں استحکام کا عزم

October 7, 2026 · اہم خبریں
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گندم کے ذخائر اور اجرا سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گندم کے ذخائر اور اجرا سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

سندھ حکومت نے صوبے میں گندم کی بلاتعطل فراہمی اور قیمتوں کے اعتدال کو برقرار رکھنے کے لیے 15 اکتوبر سے سرکاری گندم جاری کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں محکمہ خوراک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی ذخائر میں اس وقت 3 لاکھ 46 ہزار 414 میٹرک ٹن گندم موجود ہے، جبکہ پاسکو سے 1 لاکھ 90 ہزار میٹرک ٹن اور درآمد شدہ گندم سے 3 لاکھ میٹرک ٹن مزید ذخائر میں شامل کی جائے گی۔

محکمہ خوراک کی رپورٹ کے مطابق پاسکو اور درآمدی گندم کی شمولیت کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 36 ہزار 414 میٹرک ٹن گندم دستیاب ہو جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ڈویژن میں اس وقت گندم کے ذخائر 1 لاکھ 35 ہزار 948 میٹرک ٹن ہیں جو کہ نئی کھیپ کی آمد کے بعد 5 لاکھ 65 ہزار 948 میٹرک ٹن تک پہنچ جائیں گے۔ اس کے علاوہ پاسکو کے ذخائر سے حیدرآباد ریجن کے لیے 30 ہزار میٹرک ٹن جبکہ میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد ریجنز کے لیے 60 ہزار میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ کراچی کی اوپن مارکیٹ میں گندم 13 ہزار 200 روپے فی 100 کلو گرام میں فروخت ہو رہی ہے اور ریٹیل آٹے کی قیمت 165 سے 170 روپے فی کلو گرام تک جا پہنچی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 100 کلو گرام گندم کی بوری 12 ہزار 500 روپے میں جاری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد آٹے کی قیمتوں کو مستحکم کرنا اور عام صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کے اجرا کے بعد مارکیٹ کے رجحانات پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ حکومتی کوششوں کا ثمر براہ راست عوام تک پہنچ سکے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی سپورٹ پرائس 4 ہزار روپے فی من سے اوپر مقرر کی جائے گی اور اس کا فیصلہ تمام صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کے گزشتہ نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور درآمدی سلسلے کے تحت 5 لاکھ ٹن گندم منگوانے کا آرڈر جاری کر دیا گیا ہے، اور آئندہ 10 دنوں میں وزیراعظم اس حوالے سے اہم اجلاس طلب کریں گے۔