12 بچوں کی دادی نے 5 گھنٹے جسم سیدھا رکھنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

یہ کوشش سابقہ ریکارڈ سے تقریباً 30 منٹ زیادہ رہی، تاہم نئے ریکارڈ کی گنیز ورلڈ ریکارڈز سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔

October 10, 2026 · چشم حیرت
12 بچوں کی دادی نے 5 گھنٹے جسم سیدھا رکھنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

12 بچوں کی دادی نے 5 گھنٹے جسم سیدھا رکھنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

کینیڈا میں 61 سالہ خاتون ڈونا جین وائلڈ نے مسلسل 5 گھنٹے تک جسم کو سیدھا رکھ کر پلانک کرنے کا اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ خاتون کے 12 پوتے، پوتیاں، نواسے اور نواسیاں ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈونا جین وائلڈ نے 4 اکتوبر کو خواتین کی کیٹیگری میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ ان کی یہ کوشش سابقہ ریکارڈ سے تقریباً 30 منٹ زیادہ رہی، تاہم نئے ریکارڈ کی گنیز ورلڈ ریکارڈز سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔

ورلڈ سینئر گیمز کے ترجمان کے مطابق ڈونا جین وائلڈ نے سہ پہر 3 بج کر 3 منٹ پر پلانک کی مشق شروع کی اور رات 8 بج کر 3 منٹ پر اسے مکمل کیا۔ اس دوران متعدد جج باری باری نگرانی کرتے رہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ڈونا جین وائلڈ کا سابقہ ریکارڈ 21 مارچ 2024 کو قائم ہوا تھا، جس کا دورانیہ 4 گھنٹے، 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تھا۔

پلانک کی مشق میں ہاتھوں کو کہنیوں تک اور پاؤں کی انگلیوں کو زمین پر رکھنا ہوتا ہے، جبکہ جسم کے باقی حصے کو زمین سے اوپر سیدھی حالت میں برقرار رکھا جاتا ہے۔

یہ ورزش پیٹ اور دھڑ کے پٹھوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے اور جسمانی توازن بہتر کرنے کے لیے بھی مفید سمجھی جاتی ہے۔