بلوچستان میں قومی شاہراہ پرٹریفک کے ہولناک حادثات۔13افراد جاں بحق اور20 زخمی

سنگین غفلت، ہسپتال میں ایمبولینسیں غیر فعال، شہریوں کو خود بندوبست کرنا پڑا

October 12, 2026 · قومی
بلوچستان کے علاقے مچ میں ٹریفک حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

بلوچستان کے علاقے مچ میں ٹریفک حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

 

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ حادثات کوئٹہ کو سبی اور سکھر سے ملانے والی این 65 قومی شاہراہ پر پیش آئے۔

پہلا حادثہ کوئٹہ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں زمیندار ہوٹل کے قریب پیش آیا تھا، جہاں مزدا ٹرکوں کے تصادم کے بعد کوئٹہ سے سبی جانے والی مسافر ویگن بے قابو ہو کر پل سے نیچے کھائی میں جا گری۔ اس ہولناک حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوئے۔ ایک مزدا ٹرک میں خانہ بدوش خاندان بھی سوار تھا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طور پر سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔

مقامی شہریوں نے انکشاف کیا کہ شدید زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کرنے کی اشد ضرورت تھی تاہم ہسپتال میں صرف ایک سرکاری ایمبولینس دستیاب تھی ۔ دو دیگر سرکاری ایمبولینسیں غیر فعال پڑی تھیں۔ ایمبولینسوں کی عدم دستیابی پر مجبور ہو کر مقامی لوگوں نے خود چندہ جمع کیا اور زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے کوئٹہ کے اسپتال پہنچایا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک شخص کو چندہ مانگتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر دور دراز کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور ایمبولینس سروس کے فقدان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

دوسرا حادثہ اسی قومی شاہراہ پر مچھ سے تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر دور ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں دربی کے قریب پیش آیا۔ ایس ایچ او ڈھاڈر ارشاد علی کے مطابق کوئٹہ سے سبی جانے والی ایک کار اور مزدا ٹرک کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔ تمام لاشوں اور زخمی کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کر دیا گیا ہے۔