کراچی میں ریبیزکا ایک اورشہری چل بسا،سندھ میں اموات 38 ہوگئیں

کتےکے کاٹنےکےڈھائی ماہ بعد38 سالہ نعمت اللہ دم توڑگیا،ابتدائی طبی امدادمیں زخم کی صفائی نامناسب تھی

October 12, 2026 · ہیلتھ

کراچی میں ریبیز سے متاثرہ 38 سالہ نعمت اللہ انتقال کرگئے، کتے کے کاٹنے کے ڈھائی ماہ بعد مریض میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوئیں، سندھ میں رواں سال اس مرض سے اموات کی تعداد 38 ہوگئی۔ فائل فوٹو

 انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز سے متاثرہ تھرپارکر کا رہائشی انتقال کرگیا، جس کے بعد سندھ میں رواں سال ریبیز سے ہونے والی اموات کی تعداد 38 ہوگئی۔

ترجمان انڈس اسپتال کے مطابق 38 سالہ نعمت اللہ کا تعلق ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈپلو کے علاقے نوہڑیو سے تھا۔ مریض کو کتے نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل کاٹا تھا، جس کے بعد اسے ٹی ایچ کیو اسپتال ڈپلو میں 25 جولائی سے 8 اگست تک ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین کی چار خوراکیں دی گئیں۔

ترجمان کے مطابق نعمت اللہ کو ریبیز کی علامات ظاہر ہونے پر 7 اکتوبر کو انڈس اسپتال کراچی میں داخل کیا گیا تھا۔ مریض کو ابتدائی طبی امداد فراہم کیے جانے کے دوران اس بات کی نشاندہی ہوئی کہ زخم کی مناسب صفائی نہیں کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال انڈس اسپتال کراچی میں کتے کے کاٹنے سے ہونے والی اموات کی تعداد 29 ہوگئی ہے، جبکہ انڈس اسپتال بدین میں ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔ جناح اسپتال میں اب تک 8 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

رواں سال کتے کے کاٹنے کے واقعات کے بعد 15 ہزار سے زائد مریض انڈس اسپتال لائے جاچکے ہیں۔