مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ نے مقدمے کی کارروائی میں تاخیر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
سندھ ہائیکورٹ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں جلد سماعت اور تیز رفتار ٹرائل کی درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان ارمغان اور شیراز نے دوسری مرتبہ بھی عدالتی نوٹس وصول نہیں کیے۔
سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ملزمان کی جانب سے نوٹس وصول نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزم عدالت کا نوٹس وصول ہی نہیں کررہا۔
درخواست گزار کے وکیل افتخار شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان دوسری بار بھی عدالتی نوٹس وصول کرنے سے انکار کرچکے ہیں۔
عدالت نے اس صورتحال پر ریمارکس دیے کہ ایک جانب ملزمان نوٹس وصول نہیں کررہے، جبکہ دوسری جانب ٹرائل کورٹ میں جج کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھ رہی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ میں جج کی تعیناتی تک کیس کی سماعت ملتوی کردی جائے۔ اس کے بعد عدالت نے درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ نے مقدمے کی کارروائی میں تاخیر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اپنی رپورٹ میں ٹرائل میں تاخیر کا ذمہ دار ملزم ارمغان اور اس کے وکیل کو قرار دیا تھا۔