نرسنگ کونسل بدنام رہی، مقدس شعبے سے زیادتی ہوئی،مصطفیٰ کمال

صحت کے شعبے میں نرسز کا کردار انتہائی اہم ہے، تاہم انہیں وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کی وہ حق دار ہیں۔

October 13, 2026 · قومی
نرسنگ کونسل بدنام رہی، مقدس شعبے سے زیادتی ہوئی،مصطفیٰ کمال

نرسنگ کونسل بدنام رہی، مقدس شعبے سے زیادتی ہوئی،مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نرسنگ کونسل کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شعبے کو طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا اور نرسنگ جیسے اہم پیشے کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔

اسلام آباد میں نرسنگ کے مسلسل پیشہ ورانہ تربیتی کورس کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے 50 نرسز کی تربیت مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں نرسز کا کردار انتہائی اہم ہے، تاہم انہیں وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کی وہ حق دار ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ تربیتی کورس مکمل کرنے والی نرسز کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے نرسنگ کونسل کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ادارے میں ایسے قواعد بنائے گئے جن سے نظام میں اصلاحات مشکل ہوئیں۔

مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ نرسنگ کونسل کی رکنیت کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تقریباً 9 لاکھ نرسز کی ضرورت ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی نرسنگ کے شعبے میں بڑی تعداد میں افرادی قوت درکار ہے۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق پاکستان کا نرسنگ کی تعلیم و تربیت کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستانی نرسز عالمی سطح پر موجود مواقع سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا پا رہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نرسنگ کے شعبے میں اصلاحات اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی تاکہ صحت کے نظام میں نرسز کی خدمات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔