واٹس ایپ کا عام صارفین کے لیے کور فوٹو اور گروپ چیٹس میں نئے فیچرز کا اعلان
اہم پیش رفت، ذاتی پروفائلز پر بڑی تصویر لگے گی، پن کرنے کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے نئے کور فوٹو اور گروپ چیٹس فیچرز کا تعارف کرایا جا رہا ہے۔
معروف انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت اب عام صارفین بھی اپنے ذاتی پروفائل پر کور فوٹو لگا سکیں گے۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس سے قبل یہ سہولت صرف واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس تک محدود تھی۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے پروفائل کے اوپری حصے میں بڑی لینڈ اسکیپ تصویر لگا سکیں گے۔ یہ تصویر نہ صرف پروفائل بلکہ ایپ کی سیٹنگز اور چیٹ انفارمیشن اسکرین پر بھی دکھائی دے گی، جہاں کوئی دوسرا صارف آپ کی چیٹ کھولے گا۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ کور فوٹو لگانے سے صارف کی موجودہ پروفائل پکچر تبدیل نہیں ہوگی بلکہ دونوں تصاویر الگ الگ نظر آئیں گی۔ کور فوٹو لگانے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ پروفائل کھول کر ایڈٹ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا جہاں انہیں 3 آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔ صارفین موبائل کیمرے سے نئی تصویر بنا سکیں گے، فون کی گیلری سے اپنی پسند کی تصویر منتخب کر سکیں گے یا میٹا اے آئی کی مدد سے نئی تصویر تیار کر سکیں گے۔ واٹس ایپ منتخب کردہ تصویر کو خودکار طریقے سے کور فوٹو کے لیے مختص جگہ کے مطابق ایڈجسٹ بھی کرے گا۔ اس نئے فیچر کی آمد سے صارفین کو اپنے واٹس ایپ پروفائل کو مزید خوبصورت اور منفرد بنانے کا موقع ملے گا۔
دوسری جانب واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے گروپ چیٹس میں بھی متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیٹ لسٹ میں نیچے کی جانب سوائپ کرنے پر فلٹر مینو میں مینشنز اینڈ ریپلائیز کا نیا آپشن دکھائی دے گا، جس کے ذریعے صارفین ان گروپس کی چیٹس باآسانی دیکھ سکیں گے جہاں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا ان کے پیغامات کا براہِ راست جواب دیا گیا ہو۔ اس میں تمام ارکان کو بھیجے گئے @all پیغامات بھی شامل ہوں گے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین اب گروپ چیٹس میں اہم پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کر سکیں گے۔ اس سے پہلے پیغامات کو صرف 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دن کے لیے پن کرنے کی سہولت دستیاب تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں سے صارفین کا تجربہ مزید بہتر ہوگا۔