ترکی کی اسٹیل فیکٹری میں دھماکہ، 16افراد جاں بحق،13 زخمی
دھماکہ دوپہر کے وقت اس وقت ہوا جب ایک متبادل بوائلر لے جانے والی کرین گر گئی ،گورنر سلیمان البان
فوٹو ترک میڈیا
انقرہ: ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں واقع ایک اسٹیل فیکٹری میں دھماکے سے 16 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد حاباس (Habas) اسٹیل پلانٹ کے کارکن تھے جو ملک کے بڑے اسٹیل پیدا کرنے والے اداروں میں شمار ہوتا ہے۔
جائے وقوع سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر آگ اور فضا میں بلند ہوتے دھویں کے گہرے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔
ازمیر کے گورنر سلیمان البان کے مطابق دھماکہ دوپہر کے وقت اس وقت ہوا جب ایک متبادل بوائلر لے جانے والی کرین گر گئی، جس کے نتیجے میں سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ پلانٹ کی ایک الیکٹرک آرک فرنس پر معمول کی دیکھ بھال کے کام کے دوران پیش آیا۔گورنر کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ کچھ افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔