سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کا دورہ پورٹ قاسم، سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ

شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں سعودی تجارتی وفد کی آمد، مختلف ترقیاتی منصوبوں اور صنعتی تعاون پر غور

November 10, 2026 · قومی

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کا دورہ پورٹ قاسم، سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کا جائزہ

کراچی: سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی تجارتی وفد نے پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کا دورہ کیا، جس کا بنیادی مقصد پاکستان کے اہم تجارتی مرکز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔

(کاوش میمن) دورے کے دوران چیئرمین پورٹ قاسم نے سعودی وفد کو بندرگاہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں، تجارتی سہولیات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سعودی وفد نے پورٹ قاسم کے انفراسٹرکچر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، بالخصوص ملٹی پرپز کارگو ٹرمینل کی کارکردگی اور وسعت کا قریب سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر بندرگاہ کی صلاحیت بڑھانے اور نئی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

درآمدی اور برآمدی آٹو زون بھی سعودی سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔

ملاقات اور دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کئی اہم تجاویز پیش کی گئیں، جن میں پورٹ قاسم پر پیٹرولیم مصنوعات کے نئے اسٹوریج منصوبوں کی تجویز اور پاکستان میں معدنیات کی ریفائنریز کے قیام سے متعلق اسٹریٹجک منصوبوں پر غور شامل تھا۔

دورے کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور کاروباری شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس نوعیت کے دورے دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔