میں ایک مذہبی شخص ہوں،اصولی طور پر مجھے جنت میں جانا چاہیے، ٹرمپ

امریکی صدر کا مخالفین کو معاف کرنے سے انکار،کہا جنت میں داخلہ نہ بھی ملا تو فیصلہ نہیں بدلوں گا

November 10, 2026 · بام دنیا

میں ایک مذہبی شخص ہوں،اصولی طور پر مجھے جنت میں جانا چاہیے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ خود کو جنت کا مستحق سمجھتے ہیں، تاہم اس کے لیے اپنے سیاسی مخالفین کو معاف نہیں کریں گے۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سیاسی سوالات کے بعد میزبان نے ٹرمپ سے پوچھا کہ 80 سال کی عمر میں اور قاتلانہ حملوں کی متعدد کوششوں سے بچ نکلنے کے بعد وہ اپنی موت کے بعد کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟

صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ جنت میں جانا چاہتے ہیں، جہنم میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک مذہبی شخص ہوں، اس لیے اصولی طور پر مجھے جنت میں جانا چاہیے، مجھے امید ہے کہ ایسا ہی ہوگا، میں جہنم میں نہیں جانا چاہتا۔

ٹرمپ سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ اگر جنت میں داخلے کے لیے اپنے سیاسی مخالفین کو معاف کرنا ضروری ہو تو کیا وہ ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی اور ایوانِ نمائندگان کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی سمیت اپنے مخالفین کو معاف کرسکتے ہیں؟

اس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے مخالفین کو معاف نہیں کریں گے، چاہے اس کی وجہ سے انہیں جنت میں داخلے سے ہی محروم کیوں نہ ہونا پڑے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو وہ معاف نہیں کرسکتے، وہ انتہائی بے ایمان، بہت برے اور ان کے ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک سے ان لوگوں اور ان جیسے افراد سے کہیں زیادہ محبت کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا، ان کے خلاف کیا کچھ نہیں کیا اور ریاستی اداروں کو ان کے خلاف سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا۔

امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ مرنے کے بعد لوگ انہیں یاد کریں گے اور ان کی کمی محسوس کریں گے۔