غزہ میں اسرائیلی حملے اور فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 7 فلسطینی شہید
فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک اور زخمی تک طبی عملے کی رسائی روک دی
غزہ میں اسرائیلی حملے اور فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 7 فلسطینی شہید
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کی عارضی پناہ گاہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب فضائی حملے سے ایک فلسطینی جان سے گیا، جبکہ خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔
بعد ازاں غزہ کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ اس طرح منگل کے روز غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد سات ہوگئی۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا معتز ایاد دغلس بھی شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ نابلس کے شمال مغرب میں پیش آیا۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک اور زخمی تک طبی عملے کی رسائی روک دی، جبکہ تین طبی رضاکاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ اس کے اہلکاروں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں تباہ حال نکاسی آب کا نظام شدید بارشوں کے دوران بڑے انسانی بحران کا سبب بن سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام نے شیخ رضوان کے آبی ذخیرے کی مرمت کے لیے درکار سامان کی درآمد کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے بتایا کہ اس منصوبے پر تقریباً 30 لاکھ ڈالر لاگت آنی تھی اور ادارہ گزشتہ ایک سال سے اس پر کام کر رہا تھا، تاہم اسرائیلی ادارے کوگیٹ نے حالیہ دنوں میں اس منصوبے کو مسترد کردیا۔
یونیسیف کے مطابق شیخ رضوان کا آبی ذخیرہ گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے اور بارشوں کے دوران اس کے لبریز ہونے سے زہریلا پانی قریبی سڑکوں اور خیموں میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے بچوں سمیت لاکھوں افراد کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ غزہ میں سیلاب، ناقص صفائی اور صاف پانی کی قلت کے باعث متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ ادارے کے مطابق تقریباً 10 لاکھ بے گھر فلسطینی درمیانے یا شدید درجے کے سیلابی خطرات سے دوچار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں سے ہزاروں عارضی خیمے زیر آب آچکے ہیں، جبکہ ریت کا بند گرنے کے ایک واقعے میں تین بچوں سمیت چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔