ارجنٹینا نے اپنی مسلح افواج کو ’دہشت گرد‘ قرار دینے کے ایرانی اقدام کو مسترد کر دیا

ملکی مسلح افواج کے خلاف ایرانی اقدام کسی ٹھوس بنیاد کے بغیر کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ آئینی و قانونی ادارے ہیں

November 12, 2026 · بام دنیا
ارجنٹینا نے اپنی مسلح افواج کو ’دہشت گرد‘ قرار دینے کے ایرانی اقدام کو مسترد کر دیا

ارجنٹینا نے اپنی مسلح افواج کو ’دہشت گرد‘ قرار دینے کے ایرانی اقدام کو مسترد کر دیا

ارجنٹینا نے ایران کی جانب سے اپنی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔

ارجنٹینا کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی مسلح افواج کے خلاف ایرانی اقدام کسی ٹھوس بنیاد کے بغیر کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ آئینی و قانونی ادارے ہیں، جو قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں اور ملکی و بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرتے ہیں۔

ایران نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں تصور کرتا ہے۔ تہران نے یہ فیصلہ ارجنٹینا کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے ردعمل میں کیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ اقدام 2019 میں منظور کیے گئے قانونِ اقدامِ متقابل کے تحت اٹھایا گیا، جبکہ ارجنٹینا نے رواں سال اپریل میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ 1994 میں بیونس آئرس میں یہودی مرکز امیا (AMIA) پر ہونے والا بم دھماکا بھی ہے۔ ارجنٹینا اس حملے کا ذمہ دار ایران اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کو ٹھہراتا ہے۔ دھماکے میں 85 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، تاہم ایران مسلسل اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا رہا ہے۔