نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عظمیٰ بخاری

سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ کا تیسرا مرحلہ، ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا

November 14, 2026 · قومی
نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عظمیٰ بخاری

نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیراعلیٰ مریم نواز کی اولین ترجیح ہے اور سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام اسی وژن کا عملی ثبوت ہے۔

لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ 4 ماہ پر مشتمل اس انٹرن شپ پروگرام کے دوران ہر انٹرن کو حکومت پنجاب کی جانب سے ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس کے ذریعے مزید گریجویٹس کو آئی ٹی کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے اور باعزت روزگار کمانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت صرف لفظی جمع خرچ پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہی ترقی کرتے پنجاب کا اصل وژن ہے۔

ایک اور بیان میں سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اسی لیے بعض عناصر کو خوف لاحق ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو پنجاب کا ماڈل بنا دیا ہے جو اب دوسرے صوبوں کے لیے بھی ایک مثال بن چکا ہے۔ جعلی بیانیے بنانے والے اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں اور پروپیگنڈے سے حکومتیں گرانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔