پی ٹی اے کا غیر لائسنس یافتہ انٹرنیٹ فراہم کرنے والوں کو بینڈوڈتھ دینے پر پابندی کا اعلان

ٹیلی کام کمپنیوں کو صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ آپریٹرز کو انٹرنیٹ بینڈوڈتھ فراہم کرنے کی ہدایت

November 14, 2026 · اہم خبریں

پی ٹی اے کا غیر لائسنس یافتہ انٹرنیٹ فراہم کرنے والوں کو بینڈوڈتھ دینے پر پابندی کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام آپریٹرز کو غیر لائسنس یافتہ اداروں اور ڈسٹری بیوٹرز کو انٹرنیٹ بینڈوڈتھ اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے سے روک دیا ہے۔

پی ٹی اے نے یہ ہدایات ریگولیٹری قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور غیر مجاز انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کی روک تھام کے لیے جاری کی ہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز میں لائسنس یافتہ لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی)، فکسڈ لوکل لوپ (ایف ایل ایل) اور کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز (سی وی اے ایس) آپریٹرز کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ریگولیٹر نے واضح کیا کہ ایل ڈی آئی اور ایف ایل ایل لائسنس یافتگان صرف پی ٹی اے سے لائسنس یافتہ آپریٹرز کو بینڈوڈتھ فراہم کرسکتے ہیں، جس میں انٹرنیٹ کے مخصوص پیکجز بھی شامل ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر لائسنس یافتہ اداروں یا ڈسٹری بیوٹرز کو آئی پی بینڈوڈتھ، پینل سروسز، ای ون کنکشنز، ڈومیسٹک پرائیویٹ لیزڈ سرکٹس (ڈی پی ایل سیز) یا اس نوعیت کی دیگر خدمات فراہم کرنا ممنوع ہے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ کلاس لائسنس کے نظام کو بھی اجاگر کیا گیا، جس کے تحت پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے کیبل آپریٹرز اور لاسٹ مائل سروس فراہم کرنے والے ادارے ایف ایل ایل لائسنس یافتگان سے بینڈوڈتھ حاصل کرسکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے مزید واضح کیا کہ انٹرنیٹ سروسز کے بل اور رسیدیں متعلقہ ایف ایل ایل یا کلاس لائسنس یافتہ ادارے کی جانب سے جاری کیے جانے چاہئیں۔

اجلاس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ انٹرنیٹ خدمات متعلقہ لائسنسنگ قوانین کے مطابق صرف مجاز آپریٹرز کے ذریعے فراہم کی جائیں۔