بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کے ممکنہ دورہ پاکستان پر دہلی کا اعتراض
پہلگام واقعے کے بعد پاکستان سے تعلقات پر بھارتی مؤقف برقرار، وزیراعلیٰ کے دورۂ لاہور کی اجازت پالیسی سے مشروط
بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کے ممکنہ دورہ پاکستان پر دہلی کا اعتراض
نئی دہلی: بھارتی وزارتِ خارجہ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھارت کی واضح قومی پالیسی ہے اور ہر کسی سے اس پر عمل کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔
نئی دہلی میں پریس بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سے سوال کیا گیا کہ کیا پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے گی؟
اس پر ترجمان نے کہا کہ دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کے معاملے میں بھارت کی ایک قومی پالیسی ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ ہر کوئی اس کی پاسداری کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک جانے والی اعلیٰ شخصیات کو اجازت دینے کے معاملات کا جائزہ وزارتِ خارجہ کی مجموعی پالیسی کے تحت لیا جاتا ہے۔
رندھیر جیسوال نے پاکستان سے متعلق بھارتی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے حوالے سے بھارت کا مؤقف سب کے سامنے واضح ہونا چاہیے۔
بھگونت مان کو لاہور آنے کی دعوت
واضح رہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو 27 نومبر کو لاہور میں منعقد ہونے والی چوتھی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت اور بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
بھگونت مان نے اس دعوت کا ذکر بھارتی پنجاب اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 نومبر کو لاہور میں چوتھی ورلڈ پنجابی کانفرنس منعقد ہورہی ہے اور انہیں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ انہیں فرانس یا جاپان جانے کی اجازت نہیں دی جاتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے ملے گی۔
بھگونت مان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتے ہیں کیونکہ دونوں خطوں کی جڑیں ایک ہیں اور لوگوں کی مشکلات بھی یکساں ہیں۔
ان کے مطابق دونوں جانب کے لوگوں اور ثقافت میں مماثلت ہے، اس لیے آپس میں میل جول ہونا چاہیے۔ انہوں نے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اسمبلی اسپیکر کا دلچسپ ردِعمل
بھگونت مان نے اسمبلی میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے پاکستانی پنجابی شاعر تجمل کلیم کے اشعار بھی سنائے۔
اس موقع پر اسپیکر کلتار سنگھ سندھواں نے بتایا کہ ان کی پاکستانی پنجاب کے شاعر بابا نجمی سے ملاقات ہوئی ہے، جنہوں نے وزیراعلیٰ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔
بھگونت مان نے کہا کہ ان کی بابا نجمی سے بات ہوئی ہے اور انہیں لاہور میں ہونے والی کانفرنس کا دعوت نامہ بھی مل چکا ہے۔
اس پر اسپیکر نے کہا کہ اگر آپ کو اجازت مل گئی تو ہمیں بھی ساتھ لے جانا، جس کی ایوان میں موجود دیگر ارکان نے بھی تائید کی۔
کانفرنس کے منتظمین کو دورے کی امید
چوتھی ورلڈ پنجابی کانفرنس 27، 28 اور 29 نومبر کو لاہور میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس کے چیف آرگنائزر احمد رضا پنجابی نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اس سالانہ کانفرنس میں ہر سال بھارت، امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک میں مقیم سکھ برادری کے افراد شرکت کرتے ہیں۔
ان کے مطابق انہوں نے اور بابا نجمی نے بھگونت مان سے رابطہ کیا تھا اور بابا نجمی نے ٹیلی فون پر انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
احمد رضا پنجابی کا کہنا تھا کہ بھگونت مان نے باضابطہ دعوت نامہ بھیجنے کا کہا تھا اور اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ لاہور ان کا دل ہے اور وہ وہاں ضرور آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ادارے کی جانب سے وزیراعلیٰ کو دعوت نامہ بھیج دیا گیا ہے، تاہم بھگونت مان اسی صورت پاکستان آسکتے ہیں جب پنجاب حکومت انہیں باضابطہ دعوت نامہ بھیجے۔
ان کے مطابق اگر پاکستانی پنجاب حکومت کی جانب سے مثبت ردِعمل سامنے آتا ہے تو بھگونت مان کو ویزا ملنے کی امید ہے۔
بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کی مشکلات
احمد رضا پنجابی نے دعویٰ کیا کہ بھارتی شہریوں کو پاکستان کے وزٹ ویزے نہیں مل رہے، اسی لیے اس مرتبہ بھارت سے کسی اور شخص کو دعوت نہیں دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی اور دوسری پنجابی کانفرنس میں بھارت سے بڑی تعداد میں افراد شریک ہوئے تھے، جبکہ دوسری کانفرنس کے لیے پاکستانی حکومت نے 37 افراد کو ویزے جاری کیے تھے۔
ان کے مطابق تیسری کانفرنس سے قبل پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث بھارت سے کوئی بھی شریک نہیں ہوسکا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار، اداکار اور شاعر ماضی میں اس کانفرنس میں شرکت کرچکے ہیں، تاہم اس مرتبہ صرف وہ سکھ یاتری شرکت کرسکیں گے جو یاترا ویزے پر ان دنوں پاکستان میں موجود ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی
واضح رہے کہ گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان چار روزہ لڑائی کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سفارتی روابط محدود ہیں، جبکہ سکھوں کے لیے مقدس کرتارپور گوردوارہ راہداری بھی بند ہے اور دونوں جانب کے شہریوں کو ویزے حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بھگونت مان کی جانب سے لاہور آنے کی خواہش کے اظہار اور بھارتی وزارتِ خارجہ کے ردِعمل پر دونوں ممالک کے سوشل میڈیا صارفین بھی گفتگو کررہے ہیں۔