مشترکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی نہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
ای سی او اجلاس سے خطاب، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، افغان حکام سکیورٹی خدشات دور کریں
مشترکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی نہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا مشترکہ مکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی ہرگز خلاف ورزی نہیں کرتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا آرٹیکل 51 تمام رکن ممالک کو انفرادی اور اجتماعی دفاع کا حق دیتا ہے، اور اس معاہدے کا بنیادی اصول یہی ہے کہ ایک ملک پر حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔
دستاویز کے مطابق تینوں ممالک کے اس مشترکہ دفاعی معاہدے پر 7 اگست کو دستخط ہوئے تھے جبکہ اس کا افتتاحی اجلاس 31 اگست کو استنبول میں منعقد ہوا۔ نائب وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اس معاہدے کے تحت ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور سیکریٹری جنرل و چیف ایگزیکٹو کی تقرری سے متعلق پاکستان کو ابتدائی 3 سال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عملدرآمد کے لیے ایک ورکنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جس میں وزارتِ خارجہ اور عسکری حکام کے نمائندے شامل ہوں گے۔
خطے کی سلامتی اور معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، ترقی اور اقتصادی انضمام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے افغانستان کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے، تاہم بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات بالخصوص دہشت گردی کے خطبے سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ علاقائی ترقی کے لیے باہمی تجارت، رابطوں کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے اجتماعی حکمت عملی ناگزیر ہے۔