ربیعہ قتل کیس میں ایک ہی ملزم احسن طاہر ہے، 100 فیصد انصاف ہوگا: سی پی او راولپنڈی
مام شواہد فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے
ربیعہ قتل کیس میں ایک ہی ملزم احسن طاہر ہے، 100 فیصد انصاف ہوگا: سی پی او راولپنڈی
ٹی وی اینکر ربیعہ احسن قتل کیس میں سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ تفتیش میں ثابت ہو چکا ہے کہ ربیعہ کو گولی ملزم احسن طاہر نے ماری، تاہم ملزم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ ربیعہ کے اہل خانہ اگر ملزم سے سمجھوتا کرتے ہیں تو یہ عدالتی معاملہ ہے، لواحقین کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے میں پولیس کا کوئی عمل دخل نہیں۔ گولی غلطی سے چلی یا جان بوجھ کر ماری گئی، اس معاملے کی تفتیش جاری ہے اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام شواہد فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) لاہور بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ آج ملزم احسن کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ربیعہ قتل کیس میں 100 فیصد انصاف ہوگا اور تفتیش کے دوران ہر پہلو کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ کیس سے متعلق اہم شواہد اور بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش سے حاصل ہونے والے تمام حقائق کو یکجا کیا جائے گا تو نتیجہ سامنے آ جائے گا۔ ربیعہ قتل کیس میں ایک ہی ملزم احسن ہے اور پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
سی پی او کے مطابق پولیس تمام شواہد جمع کرنے کے بعد مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کرے گی۔