وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے نتائج سے منسلک قرض کی منظوری

مالیاتی دباؤ میں کمی، نیا پینشن نظام نافذ، شفافیت میں بہتری آئے گی۔

November 17, 2026 · قومی
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے وفاقی سول پینشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے نتائج سے منسلک قرض کی منظوری دے دی ہے۔

اے ڈی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس فنڈنگ کا بنیادی مقصد پینشن کے بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو قابو میں لانا، نظام کو پائیدار بنانا اور ترقیاتی منصوبوں اور سماجی شعبوں کے اخراجات کے لیے مالی گنجائش پیدا کرنا ہے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان میں وفاقی پینشن کے اخراجات مالی سال 2016 کے مقابلے میں تقریباً 5 گنا بڑھ چکے ہیں اور اب سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ روایتی پینشن نظام میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد ادائیگیاں حکومت سالانہ بجٹ سے کرتی ہے، جس کے باعث پنشن واجبات میں اضافے کے ساتھ سرکاری خزانے پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ پاکستان نے وفاقی پینشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور یہ پروگرام ان اصلاحات کو جاری رکھنے اور ادارہ جاتی سطح پر مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔ ان کے مطابق اے ڈی بی کا تعاون اداروں کو مضبوط بنانے، شفافیت بہتر کرنے اور پینشن نظام کو پائیدار بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے نئے کنٹری بیوٹری پینشن نظام میں شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت پینشن واجبات میں کمی لانے کے لیے انتظامی نظام بہتر بنایا جائے گا، ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے مالی شفافیت بڑھائی جائے گی جبکہ پینشن خدمات کی فراہمی اور مستحقین میں مالیاتی آگاہی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس نئی سکیم کے نفاذ سے مستقبل میں حکومت پر پینشن کے مالی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی۔