اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی ہلاکت، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق

اہم پیشرفت، دل اور پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا، استری اور ڈنڈا برآمد۔

November 17, 2026 · قومی
اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی ہلاکت، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق

اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی ہلاکت، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق

اسلام آباد میں ایک سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کی موت کی وجہ جسمانی تشدد کو قرار دیا گیا ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جسمانی تشدد کے باعث بچی کے جسم پر شدید چوٹیں آئیں اور شدید سوزش پیدا ہوئی۔ چوٹوں اور سوزش کی وجہ سے بچی کے جسم میں خون کے لوتھڑے بن گئے، جس کے بعد اسے تھرومبو ایمبولزم کی کیفیت لاحق ہوئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تھرومبو ایمبولزم کے نتیجے میں بالآخر کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا، جس سے بچی کا دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا۔

دوسری جانب تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے کی تفتیش کے دوران بچی پر مبینہ تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے برآمد کرلئے ہیں۔ مرکزی ملزمہ افشاں علی نے بچی پر تشدد کرنے کے الزامات سے انکار کیا ہے، تاہم گرفتار ساتھی ملزم علی رضا نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ملزمہ اکثر فاطمہ کو ڈنڈے سے مارتی تھی۔ ملزم علی رضا کے بیان کے مطابق جب بچی کی حالت زیادہ خراب ہوئی تو اسے پہلے پولیس لائن کے ڈسپنسر سے دکھایا گیا، جہاں ڈسپنسر نے حالت تشویشناک قرار دی اور اپنی نشاندہی پر اسے نجی ہسپتال منتقل کیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ کیس سے متعلق تمام حتمی حقائق فائنل پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوں گے۔