قرض سے بچنے کے لیے موت کا ڈرامہ،ریسکیو اہلکار جاں بحق،ملزم 42 روز بعد گرفتار

ملزم نعمان ریاض نے قرض کی واپسی سے بچنے کے لیے پہلے خودکشی کا ویڈیو بیان ریکارڈ کیا اور پھر اپنی گاڑی کوٹ سمابہ کے قریب نہر میں گرا کر خود فرار ہوگیا

November 19, 2026 · قومی
قرض سے بچنے کے لیے موت کا ڈرامہ،ریسکیو اہلکار جاں بحق،ملزم 42 روز بعد گرفتار

قرض سے بچنے کے لیے موت کا ڈرامہ،ریسکیو اہلکار جاں بحق،ملزم 42 روز بعد گرفتار

رحیم یار خان میں قرض کی واپسی سے بچنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ کرنے والے شخص کی مبینہ چال ایک ریسکیو اہلکار کی جان لے گئی۔پولیس نے 42 روز بعد ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 7 اکتوبر کو رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ میں پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک گاڑی نہر میں گر گئی ہے،

جس میں نعمان نامی شخص سوار تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور گاڑی میں موجود شخص کی تلاش کے لیے امدادی کارروائی شروع کردی۔

بدقسمتی سے ریسکیو آپریشن کے دوران اہلکار عرفان گاڑی میں موجود شخص کو تلاش کرتے ہوئے نہر میں ڈوب گیا اور جان کی بازی ہار گیا۔

رحیم یار خان پولیس کے مطابق ملزم نعمان ریاض نے قرض کی واپسی سے بچنے کے لیے پہلے خودکشی کا ویڈیو بیان ریکارڈ کیا اور پھر اپنی گاڑی کوٹ سمابہ کے قریب نہر میں گرا کر خود فرار ہوگیا، تاکہ لوگ اسے مردہ تصور کریں۔

دوسری جانب نعمان کی والدہ نے بیٹے کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کروا دیا، جس کے بعد پولیس نے اغوا کے مقدمے کی تفتیش شروع کردی۔

تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد پولیس کو اطلاع ملی کہ نعمان ریاض زندہ ہے اور علاقے میں گھوم پھر رہا ہے، جس پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے ریسکیو اہلکار عرفان کی ہلاکت کے معاملے میں ملزم نعمان ریاض کے خلاف اپنی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔