پاکستان کا اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے پانی بطور ہتھیار استعمال کرنے پر شدید احتجاج
عالمی امن ناگزیر، سلامتی پالیسی پر زور، بھارتی مؤقف مسترد
پاکستان کا اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے پانی بطور ہتھیار استعمال کرنے پر شدید احتجاج
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اقدام اور پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، جو 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار اور فلاح و بہبود کے لیے سنگین خطرہ اور علاقائی امن کے منافی ہے۔
دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیانات اور اجلاس کی دستاویزات کے مطابق سفیر عثمان جدون نے واضح کیا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے اپنے فیصلے میں اس امر کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی تمام تر ذمہ داریوں کا پابند ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشترکہ قدرتی وسائل کو دباؤ ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل بالخصوص پانی سمیت مشترکہ سرحد پار قدرتی وسائل کے نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اجلاس کے دوران بھارتی نمائندے کے ریمارکس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستانی فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے حقائق سے توجہ ہٹانے اور انکار کی روایتی روش، نیز بے بنیاد الزامات اور محض بیان بازی کے ذریعے معاملے کو الجھانے کی کوششوں کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت بار بار یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں طے پایا تھا اور دنیا بدل چکی ہے، لیکن اقوام متحدہ کا منشور تو اس سے بھی پرانا ہے جسے نافذ ہوئے 81 برس گزر چکے ہیں۔ انصار شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج کی تعیناتی اور 1989ء سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حقوق مسلسل سلب کر رہا ہے۔
دریں اثنا، برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکاروں نے خدمات انجام دیں اور اس دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تنازعات کے علاقوں میں امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات کو مزید بڑھا سکتی ہے، اس لیے پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی۔