یمنی حوثی ملیشیا کاسعودی رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

کشیدگی میں اضافہ، یمن میں سعودی فضائی حملے، 4 افراد جاں بحق۔

November 23, 2026 · اہم خبریں
رابغ آئل ریفائنری اور حدیدہ حملے کے بعد کی صورتحال پر ایک نظر۔

رابغ آئل ریفائنری اور حدیدہ حملے کے بعد کی صورتحال پر ایک نظر۔

 

یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع اہم ترین رابغ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری کو براہ راست نشانہ بنایا ہے اور حملہ اپنے ہدف پر لگا ہے۔ تاہم اس مبینہ حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ  سعودی حکام کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر رابغ میں پیٹرو رابغ کا ایک بہت بڑا آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس قائم ہے، جسے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو اور جاپان کی معروف کمپنی سومیتومو کیمیکل نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ یہ اسٹریٹجک صنعتی کمپلیکس جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔

دوسری جانب یمن کے حوثی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے ایک بندرگاہی شہر پر حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ حملے میں مبینہ طور پر شہری علاقوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ یمن کے حوثی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے فضائی حملے میں اہم بندرگاہی شہر حدیدہ میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ حملے میں یمن کی سرکاری ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔