نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، مصطفی کمال
اہم پیش رفت، جعلی ڈومیسائل سے حق مارا جا رہا ہے، نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سید مصطفیٰ کمال کورنگی میں کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام ملکی مسائل کا واحد حل ہے اور اس سلسلے میں کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ کورنگی کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے مؤقف اختیار کیا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہے اور آئین پاکستان کی خود ساختہ چیمپئن کہلانے والی پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے آئین میں 27 ترامیم کروا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق بجٹ کے پہلے دن ہی مالی طور پر لاچار ہو جاتا ہے، جبکہ چاروں طاقتور اور بااختیار صوبے ہزاروں ارب روپے سالانہ وصول کرنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے گریزاں ہیں۔
دستاویزات اور بیانات کے مطابق گزشتہ 16 سال میں وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک ترقی کے آثار نظر نہیں آتے۔ اندرون سندھ معصوم بچے ایڈز میں مبتلا ہو رہے ہیں اور اغوا کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، جبکہ کھلے مین ہولز اور ڈمپروں کے نیچے آ کر معصوم بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کا حق مار رہی ہے اور انہیں ملازمتوں سے محروم کیا جا رہا ہے۔
موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جو لوگ کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کر سکتے، وہ نئے صوبوں کے قیام پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن طریقے سے جاری رہے گی اور لسانی بنیادوں پر خون خرابہ کروانے والوں کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔